آرمی ڈاکٹرز اور طبی عملے نے متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی بھی شروع کردی۔فائل فوٹو
آرمی ڈاکٹرز اور طبی عملے نے متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی بھی شروع کردی۔فائل فوٹو

ہرنائی زلزلہ۔ نو شدید زخمی آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ منتقل

راولپنڈی:سیکیورٹی فورسز کے جوان نے زلزلے سے متاثرہ علاقے ہرنائی پہنچ کر امدادی کام شروع کردیا جب کہ نو شدید زخمی افراد کو آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بلوچستان زلزلے کے متاثرین کی امداد کےلیے سیکیورٹی فورسزکے جوان متاثرہ علاقے ہرنائی پہنچ گئے ہیں جب کہ اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم راولپنڈی سے روانہ ہوگی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے متاثرہ علاقے میں امدادی کام کا آغاز کرتے ہوئے متاثرہ آبادی میں خوراک اور امدادی سامان کی تقسیم شروع کردی۔

آرمی ڈاکٹرز اور طبی عملے نے متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی بھی شروع کردی جب کہ نو شدید زخمی افراد کو آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آنسپکٹر جنرل ایف سی بلوچستان خود نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ شب بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں 5.9 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے باعث 20 سے زائد افراد جاں بحق اور300 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔