اسلام آباد:نور مقدم قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ عدالت کی جانب سے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 14اکتوبر کی تاریخ مقرر کردی گئی ۔سماعت کے دوران مرکزی ملزم ظاہر جعفر نے پہلی بار عدالت کے روبرو بولتے ہوئے کہا کہ ’ میں معافی مانگتا ہوں‘۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد کی مقامی عدالت میں نور مقد م قتل کیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران مرکزی ملزم ظاہر جعفر سمیت 6ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزمان کی ڈیجیٹل ثبوت کی کاپی مہیا کرنے سے متعلق درخواست خارج کردی۔
مرکزی ملزم ظاہر جعفر نے عدالت سے استدعا کی کہ میں آگے آکر روسٹر پر بات کرنا چاہتا ہوں، جس پر فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ ابھی آپ کی ضرورت نہیں ، ٹرائل میں آپ کو بھی سنیں گے۔
فاضل جج کی جانب سے پولیس کو ہدایت کی گئی کہ ملزم کو واپس بخشی خانہ لے جائیں، بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت ملتو ی کردی۔