کوئٹہ کے علاقے ہرنائی میں رات گئے آنے والے زلزلے سے اب تک 20افراد جاں بحق اور تین سو سے زائد زخمی ہو چکے ہیں ، زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پایاجا رہا ہے ، انتظامیہ نے عوام کو متاثرہ گھروں میں نہ جانے کا مشورہ دے دیا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ آفٹر شاکس کے باعث متاثرہ اور بوسیدہ گھر زمین بوس ہو سکتے ہیں ، عوام گھروں میں جانے سے گریز کریں اور لائوڈ اسپیکرز پر دی جانے والی ہدایت پرعمل کریں ۔
نجی ٹی وی نے پی ڈی ایم اے کے حوالے سے کہا کہ زلزلے کے مرکز میں 15 کلومیٹرکے دائرے میں مکانات گرے ، مکانات کی چھتیں گرنے سے 300افراد زخمی ہوئے ،زلزلے سے رابطہ سڑکیں بھی متاثر ہوئیں ،ہرنائی طورغرکے علاقے میں پہاڑی تودہ گرنے سے لورالائی ہرنائی شاہرہ بند ہو گئی ، ہرنائی میں زلزلے کے بعد سول ہسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔
ہرنائی میں آج تعلیمی ادارے بند رہیں گے ۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق دور دراز پہاڑی علاقوں میں زخمی موجود ہو سکتے ہیں ، متاثرین میں فریکچر اور ہیڈ انجری کے زخمی زیادہ ہیں ،ایمرجنسی ڈرگ اور سرجری آلات کی فوری فراہمی کیلیے حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے، سرجن ڈاکٹرزکی فراہمی کیلیے صوبائی حکومت کے ساتھ رابطہ ہے ۔