اللہ سے دعا ہے کہ پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کرے۔فائل فوٹو
اللہ سے دعا ہے کہ پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کرے۔فائل فوٹو

مریم نواز اپنے لیے مسائل پیدا کررہی ہیں۔ شیخ رشید

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مریم نواز فوج کے خلاف بڑے خونی قسم کے بیانات دے رہی ہیں اور یہ بڑی ستم ظریفی ہے کہ اس ملک کی وہ فوج جنہوں نے دہشتگردی کے خلاف 86000سے زائد قربانیاں دی اورلاکھ سے زائد لوگ زخمی ہوئے اور سب سے پہلے عام آدمی کی مدد کے لئے پہنچتی ہے اس کے خلاف ایسے غیر ذمے دارانہ بیان دیئے جارہے ہیں، ہماری فوج جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے اس لیے اس کے خلاف غیر ذمے دارانہ زبان استعمال کرکے اپنے لیے مسائل پیدا کررہے ہیں ، جلد یا بدیر ان کو سخت مسائل سے گزرنا پڑے گا،اورآج مسلم لیگ ن والے جس جگہ کھڑے ہیں اس کی وجہ مریم نواز ہے اورکل جب یہ سیاست سے فارغ ہوں گے تو اس کی ذمہ داری بھی مریم نواز پر ہی آئے گی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میں آج وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کے لئے آیاہوں اور ان سے راولپنڈی میں وقار النساءیونیورسٹی اور نالہ لئی کے افتتاح کے لئے وقت مانگا ہے اور امید ہے عنقریب ہے جلد ان دونوں منصوبوں کے افتتاح ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان زلزلہ بہت افسوس ناک ہے ، آئی جی ایف سی اس وقت ہرنائی میں موجود ہیں اور میں ان کے ساتھ رابطے میں ہوں اور ہماری سویلین اور آرمڈ فورسز امدادی سرگرمیوں میں پوری طرح شریک ہیں اوراسلام آبا د سے بھی ہم رابطے میں ہیں تاکہ ریسکیو کا کام بہتر طریقے سے ہو سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ مخالفین کی جانب سے سیاسی طور پر بڑی کوشش کی گئی کہ زمان پارک کو پینڈورا لیکس میں شامل کیاجائے مگر یہ کوشش ناکام گئی اور نتیجہ ٹائیں ٹائیں فش نکلا تاہم باقی جو لوگ اس میں ملوث پائے گئے ہیں جن کے نام ہیں، وزیر اعظم نے ان کے بارے میں بڑ اواضح کہا ہے کہ ان کے خلاف انکوائری ہوگی اوراگر وہ گلٹی پائے گئے توان کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان کا استحکام پاکستان کا استحکام ہے، افغانستان کے ساتھ ویزا آن لائن کرنے جارہےہیں، شکر ہے کہ وہاں حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں اوردنیا ہماری طرف بھی دیکھ رہی ہے، ہم اپنے پڑوسیوں کا خیال رکھیں گے اور کسی کے دباو کے بغیران کی امداد کریں گےجب دنیا افغانستان میں حکومت تسلیم کرنے کا فیصلہ کرے گی تو ہم بھی کرلیں گے۔