کپتان افتخار احمد سب سے کامیاب بلے باز رہے۔فائل فوٹو
کپتان افتخار احمد سب سے کامیاب بلے باز رہے۔فائل فوٹو

نیشنل ٹی 20 کپ۔خیبرپختونخوا کی ٹیم دوسری بار چیمپیئن بن گئی

خیبرپختونخوا کی ٹیم نے نیشنل ٹی20کپ کے فائنل میچ میں سینٹرل پنجاب کو سات وکٹوں سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

خیبرپختونخوا کی ٹیم نے 149 رنز کے تعاقب میں پر اعتماد آغاز کیا اور تین وکٹوں کے نقصان پر 17 ویں اوور میں ٹارگٹ حاصل کرلیا۔خیبرپختونخوا کی جانب سے کپتان افتخار احمد سب سے کامیاب بلے باز رہے،انہوں نے 19 گیندوں پر 45 رنز کی اننگز کھیلی،انکی اننگز میں چھ  چوکے اوردو چھکے شامل تھے۔دیگر بلے بازوں میں کامران غلام نے 37 رنز بنائے۔سینٹرل پنجاب کی جانب سے سمین گل، قاسم اکرام اور محمد فیضان نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔

سینٹرل پنجاب کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 148 رنز بنائے تھے۔سینٹرل پنجاب کی ٹیم پورے اوورز بھی نہ کھیل سکی اور پوری ٹیم چار گیندیں قبل ہی آؤٹ ہوگئی۔کامران اکمل اور احمد شہزاد نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم دیگر بلے بازبہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہ دکھا سکے۔ احمد شہزاد 44 اور کامران اکمل 42 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔

خیبرپختونخوا کی جانب سے افتحار احمد اور محمد عمران نے تین ، تین جبکہ ارشد اقبال نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا۔