مظفرگڑھ:پیر جہانیاں میں محبت کے دشمنوں نے گھرکو آگ لگا دی،آتشزدگی کے باعث 7 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق مظفرگڑھ کے علاقے پیر جہانیاں میں گھر میں آتشزدگی کے باعث 7 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے، جن کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک مرد، 2 خواتین اور4 بچے شامل ہیں، جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 18 سال سے 2 ماہ کے درمیان ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ورثہ کے مطابق گھرکے ایک رہائشی محبوب عرف کالا نے 18 ماہ قبل روہیلانوالی کے علاقے ماہرہ میں فوزیہ بی بی سے پسند کی شادی کی تھی، آتشزدگی کا واقعہ بھی مبینہ طورپر محبوب عرف کالا کے سسرالیوں کی کارروائی ہے۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں، جس میں پیٹرول کی خالی بوتل بھی شامل ہے۔ لاشوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد محبوب عرف کالا کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔