واقعے کے فوراً بعد ایک حملہ آورکو گرفتار کرلیا گیا۔فائل فوٹو
واقعے کے فوراً بعد ایک حملہ آورکو گرفتار کرلیا گیا۔فائل فوٹو

روہنگیا مہاجرین کے کیمپ میں مدرسے پر حملہ۔7 افراد جاں بحق

ڈھاکہ:بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجرین کے کیمپ میں مدرسے پر حملے میں 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس نے بتایا کہ بنگلہ دیش اور میانمار کی سرحد پر واقع کیمپ میں جمعے کے روز مسلح افراد نے ایک مدرسے میں فائرنگ کردی اور چاقوؤں سے بھی لوگوں کو نشانہ بنایا۔

لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جس کی وجہ سے جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

آج کے حملے میں چار افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے اور تین زخمی بلوکھلی کیمپ کے ایک ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ حملے میں کتنے لوگ زخمی ہوئے۔

ایک پولیس افسر شہاب قیصر خان نے صحافیوں کو بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد ایک حملہ آورکو گرفتار کرلیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس شخص کے قبضے سے ایک بندوق، چھ راؤنڈ گولہ بارود اورایک چاقو برآمد ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق تین ہفتے قبل مہاجر کیمپ میں ایک روہنگیا کمیونٹی رہنما کو اس کے دفتر کے باہر قتل کردیا گیا تھا جس کے بعد سے وہاں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔ نامعلوم مسلح افراد نے 29 ستمبر کو بنگلہ دیش کے کاکس بازار میں مہاجر کیمپ میں محب اللہ کو گولی مار دی تھی۔ اس حملے کی ذمے داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی تھی۔