فائل فوٹو
فائل فوٹو

نمیبیا اورآئرلینڈ کا میچ فائنل کی حیثیت اختیارکرگیا

شارجہ:نمیبیا اورآئرلینڈ کا میچ دونوں ٹیموں کیلیے فائنل کی حیثیت اختیارکرگیا،میچ پاکستانی وقت کے مطابق 3بجے شروع ہوگا، فاتح سائیڈ سپر 12 راؤنڈ کا ٹکٹ کٹوالے گی۔

جمعے کے روز آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے ابتدائی راؤنڈ کے آخری 2 میچز کھیلے جائیں گے، گروپ اے میں سے سری لنکا پہلے ہی 2 فتوحات کے ساتھ سپر 12 راؤنڈ میں پہنچ چکا ہے جبکہ نمیبیا اور آئرلینڈ کے درمیان دوسری خالی جگہ پرکرنے کیلیے سخت مقابلہ متوقع ہے، دونوں ہی ٹیموں کو سری لنکا کے ہاتھوں شکست ہوئی جبکہ دونوں نے ہی نیدرلینڈز کو مات دی، اب آپس میں دودو ہاتھ کرنے کیلیے تیار ہیں۔

دوسری جانب سری لنکا کے خلاف میچ میں 96 رنز پرآؤٹ ہونے والی نمیبیا کی ٹیم نے ڈچ سائیڈ سے میچ میں 2 اوورز قبل ہی 165 رنزکا ہدف حاصل کرلیا تھا جس سے اس کے حوصلے بلند اور وہ بھی اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کیلیے کافی پرامید ہے۔

ادھر سری لنکا ناقابل شکست رہتے ہوئے سپر 12 میں قدم رکھنا چاہتا ہے، اس کا مقابلہ آخری گروپ میچ میں نیدرلینڈز سے ہے جوکہ اب تک فتح کو ترس رہی ہے، بظاہر کاغذوں پرڈچ سائیڈ آئی لینڈرز کیلیے آسان شکار ثابت ہوسکتی ہے مگر وہ بھی جاتے جاتے ایک کامیابی حاصل کرنے کیلیے پرامید اوراس نے سری لنکا کو اپ سیٹ کرنے کے خواب اپنی آنکھوں میں سجا لیے ہیں۔