کراچی: ڈیفنس فیز2 میں بنگلے میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مالک کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک جب کہ 2 زخمی ہوگئے۔
نجّی ٹی وی کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز2 میں بنگلے میں ڈکیتی کے دوران بنگلے کے مالک کے بیٹے کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک، 2 زخمی اور4 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس حکام نے واقعے کے حوالے سے بتایا کہ 7 ڈاکو کے الیکٹرک کا عملہ ظاہرکرکے بنگلے میں داخل ہوئے، بنگلے کے مالک شمیم کے بیٹے نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی، مسلح ڈاکوؤں کی جانب سے بھی فائرنگ کی گئی، تاہم دو طرفہ فائرنگ میں ایک ڈکیت مارا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے دورن 6 ڈاکوؤں نے بنگلے سے فرار ہونے کی کوشش کی تو گارڈز اور پولیس سے مقابلہ ہوگیا، جس میں 2 ڈاکو زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طورپرگرفتارکرلیا گیا، جب کہ 4 ڈاکو اسی دوران فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے،کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے بنگلے کے مالک کا بیٹا بھی زخمی ہوا ہے، جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔