حیدر آباد:پاک بھارت میچ پر جوا کھیلنے پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے حیدرآباد سے ایک شخص کو گرفتارکرلیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے عمران ریاض کے مطابق ملزم اوم پرکاش کو حیدرآباد سے گرفتار کیا گیا جو جوئے میں رقم ہارنے پر خود کشی کی کوشش کررہا تھا۔
عمران ریاض نے بتایا کہ ایف آئی اے کو جوئے میں بھاری رقم ہارنے پر ایک شخص کی خودکشی کی کوشش کی اطلاع ملی تھی جس پرفوری کارروائی کی گئی، گرفتار ملزم جوئے کی ویب سائٹ کے ذریعے پاک انڈیا میچ پر جوا کھلا رہا تھا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم سے برآمد موبائل فون پر وہ جوئے کی ویب سائٹ پر لاگ ان تھا، ملزم کی آئی ڈی کے نیچے مزید 70 افراد لاگ ان ہوکر سٹہ کھیل رہے تھے ۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم اوم پرکاش دبئی میں اسٹیڈیم میں موجود ایک شخص سے بھی رابطے میں تھا۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزم سے برآمد فون فارنزک کیلئے قبضے میں لے لیا گیا اور ملزم کیخلاف الیکٹرانک کرائم ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق دبئی اسٹیڈیم میں موجود شخص کا نام مزید کارروائی کیلئے سامنے نہیں لایا جارہا۔