راولپنڈی:آل پاکستان تاجر اتحاد نے آج فیض آباد میں دھرنے کا اعلان کردیا ، صدارتی آرڈیننس اور پوائنٹ آف سیل کے معاملے پر احتجاج کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق آل پاکستان تاجراتحاد نے اعلان کیا ہے کہ تاجرتنظیموں کی جانب سے آج اسلام آباد فیض آبادمیں دھرنادیاجائےگا،
پورے ملک سے تاجر براستہ زیرو پوائنٹ،راولپنڈی کے تاجر مری روڈ کے راستے اور جی ٹی روڈ سے آنے والے تاجر براہ راست فیض آباد پہنچیں گے۔
تاجرتنظیموں کا کہنا ہے کہ صدارتی آرڈیننس،پوائنٹ آف سیل کےمعاملےپراحتجاج کیاجائےگا، پوائنٹ آف سیل تاجروں کا معاشی قتل ہے، ایف بی آر افسران کوتاجروں کی گرفتاریوں کے اختیار دینا قبول نہیں۔لاہورپنجاب کے مختلف اضلاع سے تاجروں کی ریلیاں رواں دواں ہیں۔
آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ کا کہنا ہے کہ ہمارے مطالبات ناجائز نہیں، پوائنٹ آف سیل پرڈیوائس کسی صورت نہیں لگانے دیں گے اور جبری سیل ٹیکس رجسٹریشن کی منطق سمجھ نہیں آرہی کیونکہ دنیا میں کہیں بھی جبری ٹیکس قانون لاگو نہیں ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت دوکانوں پر ڈیوائس سیل کیوں لگانے پر ضد کر رہی ہے، ڈیوائس کے پیچھے سیلز ٹیکس رجسٹریشن چھپی ہے، چھوٹے تاجر کے لیے یہ ممکن نہیں۔