پی ٹی آئی کے اندر ایسے لوگ ہیں جو سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں۔فائل فوٹو
پی ٹی آئی کے اندر ایسے لوگ ہیں جو سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں۔فائل فوٹو

کالعدم تحریکِ لبیک اور حکومت میں مذاکرات کے دو دور بے نتیجہ ختم

اسلام آباد: لاہور سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کرنے والی کالعدم تنظیم تحریکِ لبیک پاکستان کا کہنا ہے کہ منگل کی صبح حکومتِ سے مذاکرات کا دوسرا دور بھی بےنتیجہ رہا۔

تحریکِ کے رہنما اور تنظیم کی چار رکنی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ پیر عنایت الحق نے بتایاکہ پیراور منگل کو بات چیت کے دو دور ناکام رہنے کے بعد اب منگل کی شام انھیں وزیرِ داخلہ نے ایک بار پھر بات چیت کے لیے بلایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا تیسرا دور شام سات بجے ہو گا تاہم اس حوالے سے حکومت کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ پیر کے روز پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے مطالبات پرعمل کرنے سے متعلق قانونی مسائل ہیں مگر بدھ کو یہ معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے رکھا جائے گا۔

پیرعنایت الحق شاہ نے بعدازاں ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ان کے خیال میں حکومت اب ان مذاکرات میں سنجیدہ نہیں۔ اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’آج کی ملاقات انتہائی مایوس کن رہی ہے۔ کل ہمیں یہ ایک امید نظرآ رہی تھی کہ وزیر اعظم صاحب کی واپسی پر یہ معاملات حل ہوں گے مگر آج ملاقات میں شیخ صاحب پھر اسی بات پر کھڑے ہیں کہ میں اس کمیٹی میں آنا ہی نہیں چاہتا تھا۔ یہ پنجاب کا مسئلہ ہے، یہ میرا مسئلہ ہے ہی نہیں،آپ لوگ جب فیض آباد آ جائیں گے تو پھر میرا مسئلہ شروع ہو جائے گا۔

پیر عنایت کا کہنا ہے کہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ میرے خیال میں پی ٹی آئی کے اندر ایسے لوگ ہیں جو سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں۔ اور ملک پاکستان میں افراتفری چاہتے ہیں، میں اس موقع پر آرمی چیف قمر جاوید باجوہ، چیف جسٹس آف پاکستان سے بھی گزارش کروں گا کہ وہ اس میں اپنا کردار ادا کریں اور اس ملک کو دنگا فساد سے بچائیں۔