اجلاس کے دوران آرمی چیف جنرل باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹنٹ جنرل فیض حمید نے بھی شرکت کی۔فائل فوٹو
اجلاس کے دوران آرمی چیف جنرل باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹنٹ جنرل فیض حمید نے بھی شرکت کی۔فائل فوٹو

کالعدم تنظیم کو کوئی رعایت نہ دینے کا فیصلہ

اسلام آباد:وزیراعظم کی زیر صدارت ملکی سیکیورٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کالعدم تنظیم کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملکی سیکیورٹی پر اہم اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹنٹ جنرل فیض حمید نے بھی شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق ملک میں امن و امان سمیت سیکیورٹی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا کہ کالعدم تنظیم کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید راستوں کو کلیئرکرنے اوراحتجاج ختم کرنے کے لیے کہیں گے، کالعدم تنظیم کے ساتھ حکومت مذاکرات کرے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم تنظیم تحریک لبیک نے منگل کی رات 12بجے تک راستے کھولنے کا وعدہ کیا تھا جس پرابھی تک عمل نہیں کیا گیا ہم انتظار کر رہے ہیں۔ کالعدم تنظیم تحریک لبیک کا مطالبہ فرانس کا سفارت خانہ بند کرنا بھی شامل ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بنی گالہ میں وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں اجلاس ہوا، جس میں  وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیر داخلہ شیخ رشید، وفاقی مذہبی امور نورالحق قادری اورچیف سیکریٹری پنجاب بھی شریک تھے۔

اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو کالعدم تنظیم سے مذاکرات پر بریفنگ دی گئی، کالعدم تنظیم کے مطالبات اور حکومتی حکمت عملی پر غور کیا گیا، اسکے علاوہ وزیراعظم کو تاجروں کے احتجاج سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔