رکن قومی اسمبلی اکرم چیمہ کو پولیس کی جانب سے حراست میں لیے جانے پر جسٹس فائز عیسیٰ کا موقف سامنے آگیا ، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ میں نے کسی کی گرفتاری کا حکم نہیں دیا، میں حکم عدالت میں دیتا ہوں، راہ چلتے نہیں ۔
نجی ٹی وی کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے کہا گیا کہ میں روزانہ پیدل سپریم کورٹ آتا ہوں ، آج صبح پارلیمنٹ کے سامنے مشکوک گاڑی آئی ، مجھے نہیں معلوم گاڑی میں کون تھا ، گاڑی کی غیر قانونی نمبر پلیٹ پر صرف پولیس سے گاڑی کے متعلق پوچھا، گاڑی پارلیمنٹ کے گیٹ پرگئی ، پھر پارلیمنٹ سے واپس آکر میرا راستہ روکا، گاڑی میں موجود نامعلوم شخص نے پھر برا بھلا کہا مگر میں خاموش رہا ۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے کہا گیا کہ غیر قانونی نمبر پلیٹ دیکھ کر پولیس کو صرف گاڑی چیک کرنے کا کہا کہ لا قانونیت پر میں اپنے ڈرائیورکا بھی چالان کرا دیتاہوں ۔
اس سے قبل نجی ٹی وی جیو نیوز نے ذرائع سے بتایا کہ مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ صبح ڈی چوک کے قریب واک کر رہے تھے کہ انہوں نے کالے شیشوں والی گاڑی دیکھی اور پولیس کو اطلاع کی ، پولیس نے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کے مالک کو گرفتار رلیا۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ گرفتار ہونے والا شخص پاکستان تحریک انصاف کا رکن قومی اسمبلی اکرم چیمہ ہے ۔