بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے امیدوار عبدالقدوس بزنجو کے بلامقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان بننے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے نئے وزیراعلیٰ کے منصب کیلیے میر عبدالقدوس بزنجو کے پانچ کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے جبکہ ان کے مدمقابل کسی امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کرائے۔
میر عبدالقدوس بزنجو کیلیے کاغذات نامزدگی سردار عبدالرحمان کھیتران، بشریٰ رند، نور محمددمڑ، محمد خان لہڑی اور سکندر عمرانی نے سیکریٹری بلوچستان اسمبلی کے پاس جمع کرائے۔
دوسری جانب میڈیاسے گفتگو میں میر عبدالقدوس بزنجو کا کہناتھا کہ ابھی تک وزیراعلیٰ کیلئے ایک ہی امیدوار نے کاغذات جمع کرائے ہیں اور ہوسکتا ہے کہ بلامقابلہ وزیراعلیٰ منتخب ہوجاؤں تاہم سیاست میں گھنٹوں میں چیزیں تبدیل ہوجاتی ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ سب کے مشورے سے آگے بڑھوں گا، حلف لینے کے بعد عملی کام نظر آئیں گے اور جو بھی وزرائے اعلیٰ رہے ہیں، ان کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے۔