کراچی:سپریم کورٹ نے نسلہ ٹاورکے بعد ریلوے اراضی پر تعمیر تجوری ہائٹس گرانے کا حکم دیدیا۔
کراچی سپریم کورٹ رجسٹری میں ریلوے اراضی پر عمارت تجوری ہائٹس کی تعمیر کے کیس کی سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے ایک ماہ میں تجوری ہائٹس کا اسٹرکچرگرانے کا عمل مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت کی جانب سے حکم جاری کیا گیا کہ تجوری ہائٹس کی عمارت گرا دی جائے ، وکیل تجوری ہائٹس نے کہا کہ بلڈر تجوری ہائٹس کی عمارت گرانے کو تیار ہیں ، کچھ مہلت دی جائے جس پرعدالت نے دو ہفتوں کی مہلت دی ۔
وکیل تجوری ہائٹس نے عدالت سے التجا کی کہ دو ہفتے بہت کم ہیں ، عدالت نے بلڈنگ گرانے کیلیے چار ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ متاثرین کو تین ماہ میں رقم واپس کی جائے ، کمشنر کراچی عمارت کی ڈیمولیشن عمل کی نگرانی کریں ۔
سپریم کورٹ نے کمشنر کراچی کو انہدام کی نگرانی کرنے کا حکم دیتے ہوئے بلڈر کو ریکارڈ اور دیگر سامان نکالنے کی اجازت دے دی اور ہدایت کی کہ الاٹیز کو تین ماہ میں معاوضہ ادا کیا جائے۔وکیل تجوری ہائٹس نے عدالت کو بتایا کہ یہ بلڈنگ کمشنر کراچی کی تحویل میں ہے ۔