کوئٹہ:بلوچستان اسمبلی کا اجلاس قائم مقام اسپیکرکی زیر صدارت ہوا جس میں عبدالقدوس بزنجو بلامقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب ہوئے، عبدالقدوس بزنجو کے حق میں 39 ووٹ کاسٹ ہوئے۔قائم مقام اسپیکر اوراتحادیوں نے نئے قائد ایوان کو مبارکباد دی۔
اپوزیشن جماعتین بی این پی مینگل اورجے یو آئی کے کسی رکن نے قائد ایوان کے انتخاب میں رائے شماری میں حصہ نہیں لیا اورلاتعلق رہے۔
قدوس بزنجو بحیثیت وزیراعلی آج ہی اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ گورنر ہاؤس میں تقریب حلف برداری شام پانچ بجے منعقد کی جائے گی جس میں گورنر بلوچستان سید ظہورآغا میر عبدالقدوس بزنجو سے حلف لیں گے۔
میرعبدالقدوس بزنجو بلامقابلہ نئے وزیراعلی بلوچستان منتخب ہوگئے، کیونکہ قائد ایوان کے لیے قدوس بزنجو کے علاوہ کسی بھی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے تھے۔ قدوس بزنجو نے بلوچستان اسمبلی میں قائد ایوان کی نشست سنبھال لی۔
خیال رہے 2002 کے عام انتخابات میں پہلی مرتبہ سیاسی منظر پر نمودار ہونے والے قدوس بزنجو دونوں مرتبہ اپنی پارٹی کی اندرونی بغاوت کے باعث وزیر اعلیٰ بنے۔ میر عبدالقدوس بزنجو کا تعلق بلوچستان کے پسماندہ علاقے آواران سے ہے۔ اگرچہ وہ اسپیکر رہے لیکن ان کے اور جام کمال کے درمیان اختلافات منظرعام پرآتے رہے۔