اسلام آباد: یوٹیلیٹی اسٹورز پر ایک بار پھر مختلف برانڈز کی کھانے پینے کی اشیا مہنگی کر دی گئی ہیں۔
مختلف برانڈز کے 950 گرام چائے 100 سے 210 روپے تک مہنگی کردی گئی، کافی کے 100 گرام جار کی قیمت 50 روپے تک بڑھا دی گئی، بچوں کا 500 گرام فارمولا دودھ 60 روپے تک مہنگا ہوگیا، ایک کلو کپڑے دھونے کے پاوڈر کی قیمت میں 10 روپے تک اضافہ ہوگیا۔
کسٹرڈ کا 300 گرام کا پیکٹ 5 روپے مہنگا کر دیا گیا، کارن فلور 300 گرام 20 روپے تک مہنگا کر دیا گیا، شہد کی 250 گرام کی قیمت میں 95 روپے تک اضافہ ہوگیا، ایک لیٹر ملٹی پلپرز کلئینر کی قیمت 46 روپے تک بڑھا دی گئی، پیکٹ دودھ کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔
قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کر کے فوری اطلاق کردیا گیا ہے۔