اسلام آباد: اپوزیشن کو زیرعتاب رکھنے کیلیے وفاقی حکومت نے ایک اور نیب ترمیمی آرڈیننس جاری کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے نیب کے تیسرے ترمیمی آرڈیننس 2021 کی منظوری کے بعد نیا آرڈیننس جاری کردیا گیا ہے۔ نئے نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت دائر ریفرنس نیب کے دائرہ اختیار میں رہیں گے اور اس حوالے سے دائر ریفرنسز پر احتساب عدالتیں ہی سماعت کریں گی۔ زر ضمانت کے تعین کا اختیار احتساب عدالتوں کو ہوگا۔
نئے نیب ترمیمی آرڈیننس کے مطابق چیئرمین نیب کو عہدے سے ہٹانے کا اختیار صدر مملکت کے پاس ہوگا، چیئرمین نیب کو ہٹانے کیلیے وہی طریقہ اپنایا جائے گا جو ججز کی برطرفی کے لیے ہے۔
نیب ترمیمی آرڈیننس کا اطلاق 6 اکتوبر سے ہوگا منی لانڈرنگ سے متعلق 6 اکتوبر سے پہلے کے شروع کیسز سابقہ آرڈیننس کے تحت جاری رہ سکیں گے۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی،شہباز شریف، مریم نواز، سابق صدر آصف زرداری اور دیگر کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا۔