لاہور:مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام کے لیے سب سے بڑا ریلیف پیکیج عمران خان کا استعفیٰ ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی، معاشی تباہی اور بے روزگاری کے ذمے دار عمران خان ہیں، جن کی پہلی اور آخری ترجیح جھوٹ، دھوکہ اور قوم کی زندگی کو عذاب بنانا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ بہتر ہے عمران خان قوم سے خطاب کرکے اپنے جھوٹ میں مزید اضافہ نہ کریں۔ ان کا استعفیٰ عوام کے لیے سب سے بڑا ریلیف پیکیج ہے، جو عوامی مشکلات میں کمی اورآسانیاں لانے کا سنگ میل ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ عوام کی تکالیف کا تدارک عمران خان کی پہلی ترجیح ہے۔ وہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلیے ہر حد تک جائیں گے۔ قوم سے خطاب میں ملکی تاریخ کے بڑے عوامی ریلیف پیکیج کا اعلان کریں گے۔ یہ پیکیج عوام کی مشکلات میں کمی اور ان کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا۔