اسلام آباد:سیشن کورٹ میں نور مقدم قتل کیس کی سماعت کے دوران مرکزی ملز ظاہر جعفر نے الٹی سیدھی حرکتیں شروع کردیں۔
ظاہرجعفر سمیت کیس کے تمام ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ مرکزی ملزم نے کہا کہ میں نے کورٹ میں ایک بات کرنی ہے۔
پولیس نے ملزم کو عدالت کے دروازے کے پاس کھڑا کیا تو ظاہر جعفر نے کہا کہ پردے کے پیچھے کیا ہے؟ ملزم کمرہ عدالت میں حمزہ ، حمزہ پکارتا رہا۔
جج سیشن کورٹ عطاربانی نے ریمارکس دیے کہ ملزم ڈرامے بازی کر رہا ہے اسے لے جائیں۔ پولیس مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو اٹھا کر بخشی خانے لے گئی۔ کمرہ عدالت سے نکلنے پر ملزم ظاہر جعفر نے پولیس انسپکٹر کا گریبان پکڑ لیا۔
یاد رہے کہ سابق سفیرشوکت مقدم کی صاحبزادی نورمقدم کو ظاہر جعفر نے 20 جولائی کی شام اسلام آباد میں اپنے گھر پر قتل کر دیا تھا۔
تھانہ کوہسار کے ایس ایچ او محمد شاہد کے مطابق نور مقدم کو تیز دھار آلے کی مدد سے گلا کاٹ کر ہلاک کیا گیا. پولیس نے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو جائے وقوعہ سے گرفتار کیا تھا۔