اسلام آباد:کےالیکٹرک کی جانب سے بجلی مہنگی کرنےکی درخواست پر نیپرا نے فیصلہ محفوظ کرلیا ۔
نیپرا نے کےالیکٹرک کی بجلی 3 روپے 45 مہنگی کرنے کی درخواست پرآج بروز بدھ سماعت کی جس کے بعد نیپرا نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
کے الیکٹرک حکام نے سماعت کے دوران نیپرا کو بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ستمبر میں ایل این جی اور فرنس آئل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، عالمی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے بجلی کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہوا ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ ستمبر میں 1 ارب 92 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی اور بجلی کی پیداواری لاگت 27 ارب روپے سے زائد رہی۔
نیپرا نے کےالیکٹرک حکام سے سوال کیا کہ کیا سوئی سدرن کمپنی سے گیس خریداری کا معاہدہ ہوگیا ہے جس پر کےالیکٹرک کی جانب سے بتایا گیا کہ سوئی سدرن کے ساتھ میٹنگ ہوئی ہےاور معاہدے کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔سوئی سدرن نے کہا ہےکہ وزارت توانائی سے احکامات کے بعد کےالیکڑک سے میٹنگ کریں گے۔
نیپرا نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، اتھارٹی تفصیلات کی جانچ پڑتال کے بعد بجلی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ جاری کرے گی۔
دوران سماعت نیپرا کا کہنا تھا کہ میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے 1 ارب 16 کروڑ روپے کا اضافہ بوجھ پڑا اور گیس کے کم پریشر کی وجہ سے 98 کروڑ 90 لاکھ روپے کا بوجھ پڑا۔
واضح رہے کے الیکٹرک نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے ستمبرکے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 3 روپے 45 پیسے اضافے کی درخواست کی ہے۔نیپرا نے الیکٹرک کی درخواست پر 3 نومبر کو سماعت کرنی تھی۔ درخواست منظور ہونے کی صورت میں کراچی کے صارفین پر 6 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑنا تھا۔