زخمی ہونے والے کارکن نے جمشید اقبال چیمہ پر تشدد کروانے کا الزام لگایا ہے۔فائل فوٹو
زخمی ہونے والے کارکن نے جمشید اقبال چیمہ پر تشدد کروانے کا الزام لگایا ہے۔فائل فوٹو

الیکشن ٹریبیونل نے جمشید اقبال چیمہ کی اپیل مسترد کردی

لاہور:لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹریبیونل نے بھی این اے 133 سے جمشید اقبال چیمہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل مسترد کردی۔ عدالت نے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔

این اے 133 کے ضمنی انتخاب کے لیے جمشید اقبال چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی اپیل پر سماعت الیکشن ٹریبیونل نے کی،عدالت نے وکیل الیکشن کمیشن سے سوال کیا کہ ووٹ سرٹیفکیٹ پراین اے کا نمبرکیوں نہیں آتا ۔

عدالت نے سوال کیا کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا کیا عمل ہے ؟ وکیل متفرق اپیل کنندہ نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کے سیکشن 36 پرعمل کرنا لازم ہے ، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے ووٹ سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ضروری ہے ،سیکشن 31 ،37 ووٹ ٹرانسفر سے متعلق درخواست دینے کا کہتا ہے ۔

الیکشن ٹریبیونل نے دلائل سننے کے بعد جمشید اقبال چیمہ اورکورننگ امیدوار مسرت اقبال چیمہ کی اپیلیں مسترد کردیں ۔

خیال رہے تحریک انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ اور مسرت چیمہ نے لاہور ہائیکورٹ کے ایپلٹ الیکشن ٹربیونل کے روبرو اپیل دائر کی، جس میں کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا

اپیل میں موقف اپنایا گیا کہ ریٹرنگ آفیسر کا کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا، ریٹرننگ آفیسر نے تجویز کنندہ کا تعلق این اے 133 سے نہ ہونے پر کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔ جمشید چیمہ نے اپیل میں دعویٰ کیا تجویز کنندہ بلال حسین کا تعلق اسی یونین کونسل سے ہے۔

درخواست میں تحریک انصاف نے نشاندہی کی کہ تجویز کنندہ کا شناختی کارڈ، ڈومیسائل تمام دستاویزات این اے 133 سے ہے، اس لیے ریٹرننگ آفیسر کا کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے ریٹرننگ آفیسر نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ اوران کی کورنگ امیدوار مسرت جمشید اقبال چیمہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے تھے۔

ریٹرننگ افسر نے جمشید اقبال چیمہ اور مسرت چیمہ کے تجویز کنندہ حلقے کا نہ ہونے کی بنیاد پر کاغزات نامزدگی مسترد کیے تھے۔ مسلم لیگ ن کی امیدوار شائستہ پرویزکی جانب سے ریٹرننگ افسر کے روبرو اعتراضات دائرکیے تھے۔