وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مشکل وقت کا ہمیں بھی باقی دنیا کی طرح مقابلہ کرنا پڑے گا، اگر ٹیکس لگاتے تو پیٹرول 180 روپے فی لٹر ہوتا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر فوڈ سیکیورٹی فخر امام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیٹرول پر حکومت نے ٹوٹل ٹیکس کی مد میں 50 ارب روپے کمائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں پیٹرول کا بحران ہے، تیل کے اوپر مقامی ٹیکسزکو ہم نے کم کیا۔
فواد چوہدری نے چینی کی قیمتوں کے بارے میں کہا کہ 9 ہزارٹن چینی انڈسٹری اور6 ہزار ٹن چینی عوام کو چاہیے، زیادہ تر شوگر ملز نوازشریف اورآصف زرداری کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 90 ہزار ٹن چینی اس وقت پرائیویٹ سیکٹرکے پاس پڑی ہوئی ہے،ہم نے چینی کی فی کلو قیمت 90 روپے مقررکی تھی، اس وقت انٹرنیشنل فوڈ پرائسز10سال کی سب سے بڑی سطح پر ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ لوگ اپوزیشن کی باتوں کو اہمیت نہیں دیتے، ماضی کی حکومت نے 23 ملین ڈالر قرضہ لیا، پاکستان کے حالات جن کی وجہ سے آج ایسے ہیں وہ اب حل بتا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قیمت ماضی کی پالیسیوں کی وجہ سے بڑھی،ماضی کی حکومت نے ڈالر مصنوعی طریقے سے روکے رکھا، 2008 سے 2018 تک پاکستان کے بدترین سال گزرے۔ماضی کی بدترین معاشی پالیسیوں کا خمیازہ آج ہم بھگت رہے ہیں، رواں سالہ ہم نے 10 بلین ڈالر قرضہ ادا کیا ہے۔
سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سندھ حکومت کس ایجنڈے پر ہے ، چاہتی کیا ہے؟
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں لوگوں کو شکار کی ویڈیو بنانے پر قتل کیا جارہا ہے، وہاں جنگل کا ماحول نظر آرہا ہے،اندرون سندھ کے لوگوں کی زندگی کی بھی قدر کرنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت گندم ریلیز نہیں کررہی جس کی وجہ سے کراچی میں آٹے کی قیمت زیادہ ہے، کراچی میں اشیاضروریہ کی قیمتیں دیگر تمام شہروں سے زیادہ ہیں۔