رپورٹ : خالدزمان تنولی
شہر بھر میں فلائی آوور کے نیچے قائم غیر قانونی گاڑیوں کی پارکنگ نشی افراد کی محفوظ پناہ گاہیں بن چکی ہیں ۔ لیاقت آباد میں ہیروئنچیوں کے ہاتھوں 90 لاکھ روپے مالیت کی 3 منی بس جل کر خاکستر ہوگئیں ہیں ۔
اس حوالے سےعینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پل کے نیچے کھڑی گاڑیوں کی آڑ لیکر نشہ کی لت میں مبتلا افراد صبح شام نشہ کرتے دیکھائی دیتے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق شریف آباد کے علاقے لیاقت آباد 10 نمبر پل کے نیچے کھڑی منی بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دائیں اور بائیں کھڑی مذید دو منی بسوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ، موقع پر موجود افراد نے واقعے کی اطلاع فوری طور پر قریب میں موجود فائر اسٹیشن کوکردی ، فائر فائٹرز کے تاخیر کے باعث آگ تیزی سے پھیل گئی، اور تینوں گاڑیاں مکمل جل کر خاکستر ہوگئیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ بجھانے کے لیے پہلے ایک گاڑی روانہ کی گئی ہے، آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے مزید دوسری فائر بریگیڈ کی گاڑی بھی طلب کی گئیں۔ فائر حکام کے مطابق آتشزگی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ایس ایچ او شریف آباد خالق انصاری کے مطابق آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ۔جبکہ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پل کے نیچے گاڑیوں کی آڑ میں بیٹھ کر نشئی کھلم کھلا نشہ کرتے دیکھائی دیتے ہیں ۔
خیال رہے کہ شہر کے 7 اضلاع جن میں سینٹرل ، کورنگی ، ملیر ، ایسٹ، سائوتھ ، ویسٹ ، کیماڑی کے مختلف علاقوں میں فلائی آوورز کے نیچے علاقائی سیاسی جماعتوں کے کارکنوں سمیت بااثر افراد نے بلدیہ عظمی کراچی کے دوشعبہ جات کے ایم سی اور ڈی ایم سی کے نام پر غیر قانونی پارکنگ بنا رکھیں ہے ، جہاں پر موٹر سائیکل ،سمیت چھوٹی بڑی گاڑیاں 50 روپے سے لیکر 100 روپے تک وصولی کے بعد کھڑی کیا جاتی ہے ۔
شہر بھر کے فلائی آوورز کے نیچے قائم غیرقانونی پارکنگ خاص طور پر مضافاتی علاقوں ، سینٹرل کے علاقے لیاقت آباد ، کریم آباد ، ناظم آباد 10 نمبر ، ملیر کے علاقے مین قائدآباد، منزل پمپ ، ملیر 15 ، ملیر ہالٹ ، دائود چورنگی ،قذافی ٹاﺅن فلائی اوور سمیت ضلع کورنگی کے علاقوں کورنگی پانچ نمبر ، کوسٹ گارڈ چورنگی، قیوم آباد اور محمود آباد کے پی ٹی انٹرچینج اور نیٹی جیٹی ، گلبائی ، سمیت دیگر علاقوں میں قائم پلوں کے نیچے نشئی افراد کی محفوظ بناہ گاہیں بن چکی ہیں۔جبکہ دو ہفتے قبل ملیر قائدآباد فلائی آوور کے نیچے ہیروئنچیوں کے ہاتھوں کھڑی کار کے ٹائر میں آگ لگ کئی تھی ، تاہم موقع پر موجود افراد نے اپنے مدد آپ تحت لگنے والی آگ کو بجھا دیا تھا ۔