ابوظہبی: ٹی 20 ورلڈ کپ میں آج پہلا میچ نیوزی لینڈ اورافغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا، نیوزی لینڈ جیت گیا تو بھارت کا کھیل ختم ہو جائے گا۔ رات7 بجے پاکستان اوراسکاٹ لینڈ آمنے سامنے ہوں گے۔
قومی ٹیم آج رات اسکاٹ لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی، یہ میچ گروپ ٹو کی دونوں ٹیموں کا آخری گروپ میچ ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان پہلے ہی سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کر چکا ہے۔
قبل ازیں سہ پہر3 بجے نیوزی لینڈ اورافغانستان کا آمنا سامنا ہو گا، یہ میچ بھارت کے لیے زندگی اورموت کا مسئلہ ہے، نیوزی لینڈ اگرافغانستان سے جیت گیا تو سارے اگر مگر ختم، بھارتی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو جائے گی۔
اگرافغانستان کی نیوزی لینڈ سے جیت ہوتی ہے تو انڈیا کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید تو پیدا ہو جائے گی لیکن اس کا فیصلہ انڈیا اورنمیبیا کے آخری لیگ میچ کے بعد ہوگا۔