کرائسٹ چرچ:نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد میں فائرنگ سے 51 مسلمان نمازیوں کی جان لینے والے برینٹن ٹرینٹ کے وکیل کے مطابق ان کے موکل اپنی سزا کے خلاف اپیل کرنے پرغورکر رہے ہیں۔
ٹرینٹ کے وکیل ٹونی ایلس نے نیوزی لینڈ کی چیف کارونر کے نام لکھے جانے والے خط میں کہا ہے کہ ان کے موکل کو جیل میں غیر انسانی اور ذلت آمیز رویے کا سامنا کرنا پڑا جس کے سبب انہوں نے دبائو میں آکر تمام جرائم کا اقبال جرم کیا۔
سفید فام بالادستی کے مرید برینٹن ٹرینٹ نے 2019 میں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر حملے کو فیس بک پرلائیو نشر کیا تھا۔ یہ حملہ نیوزی لینڈ کی حالیہ تاریخ کا سب سے گھنائونا جرم تھا جس کے سبب نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ نے تمام جان لیوا سیمی آٹو میٹک ہتھیاروں پر پابندی لگا دی تھی۔
پچھلے سال کے دوران اپنے مقدمے کی سماعت سے قبل ہی ٹرینٹ نے قتل کے 51، اقدام قتل کے 40 اور دہشت گردی کے تمام الزامات کو قبول کرتے ہوئے اقبال جرم کر لیا تھا۔ ان جرائم پر اسے نیوزی لینڈ کے قانون کی سخت ترین سزا عمر قید بنا پیرول دے دی گئی تھی۔
ٹرینٹ کے وکیل کا یہ میمو منظر عام پر نہیں لایا گیا ہے۔ وکیل کے مطابق ٹرینٹ نے انہیں اس کیس کی معلومات صرف دو مقامی نیوز اداروں سے شئیر کرنے کی اجازت دی ہے۔