کراچی:ملیر سٹی پولیس نےشہر بھر سے چوری و چھینے گئے 80 سے زائد موبائل فونز، ٹیبلیٹس اورآئی پیڈز کی ترسیل ناکام بنا دی۔
اس حوالے سے ایس ایس پی ملیرعرفان بہادر کا کہنا تھا کہ ملزم سے برآمد ہونے والے موبائل فون، آئی پیڈزاورٹیبلیٹس کی مالیت لاکھوں روپے ہے۔پولیس نے خفیہ اطلاع پر بس اسٹاپ پر کھڑے مشکوک شخص کو حراست میں لیا۔زیر حراست شخص کے پاس موجود بیگ سے 36 آئی فونز سمیت 80 سے زائد قیمتی اسمارٹ فونز، ٹیبلیٹس اورآئی پیڈز برآمد ہوئے ہیں۔
ملیر سٹی پولیس کی جانب سے ملزم کو گرفتار کر کے ضابطے کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔گرفتار ملزم نے گروہ میں شامل دیگر7 ملزمان کے متعلق بھی انکشاف کیئے ہیں۔
گرفتار ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ مزکورہ چھینے و چوری شدہ موبائل فونز سستے داموں خریدنے اور آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کرنے کے بعد شہر کی مختلف مارکیٹوں میں فروخت کرتا تھا۔
ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کا کہنا تھا کہ ملزم موبائل فونز سپلائی کیلئے لے جا رہا تھا۔گرفتار ملزم کی نشاندہی پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جلد مزید گرفتاریاں عمل میں آئینگی۔گرفتار ملزم عمران شاہ سے رابطے میں رہنے والے دکانداروں کی معلومات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔
تحویل میں لئے گئے موبائل فونز کی آئی ایم ای آئی تفصیلات منسلک کی جا رہی ہیں