سڈنی:پاکستان کے دورےکا اعلان ہوتے ہی آسٹریلوی ٹیم کےکپتان نے روڑے اٹکانے شروع کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں آسٹریلوی کپتان ٹم پین نے کہا کہ کچھ کھلاڑیوں کو پاکستان جانے میں تحفظات ہوسکتے ہیں، اسی بنا پرآسٹریلوی ٹیم کمزور کھلاڑیوں پر مشتمل ہوسکتی ہے۔
ٹم پین نے کہا کہ دورہ پاکستان سے متعلق کچھ کھلاڑیوں کو مزید معلومات درکار ہوں گی، ہم گفتگو کریں گے درست جوابات مل گئے تو بہترین ٹیم پاکستان جائیگی، تاہم پاکستان جانے کا فیصلہ کھلاڑیوں کا انفرادی فیصلہ ہوگا۔
کینگروز قائد نے کہا کہ 2017 میں ورلڈ الیون کیساتھ پاکستان آیا تھا، مکمل سیکیورٹی دی گئی تھی جو زندگی میں نہیں دیکھی تھی، 5 کلو میٹر تک روڈ بند تھے، ہر کلومیٹر پر چیک پوائنٹس اور فضا میں ہیلی کاپٹر تھے، سیکیورٹی ضروری اور آرام دہ بھی تھی پراس سےگھبراہٹ بھی ہوئی۔
ٹم پین کا کہنا تھا کہ ہر چیز درست پائی تو پاکستان میں کھیل کے فروغ کاحصہ بننا چاہیں گے، اگر ‘پاکستان گیا تو اچھا ہو گا’ نہیں تو اپنے ملک میں کرکٹ کھیلوں گا۔
ایک سوال کے جواب میں کینگروز قائد کا کہنا تھا کہ پاکستان جانے کا فیصلہ وقت آنے پر کروں گا، ابھی ہاں یا نہ کے بیچ نہیں رہوں گا۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کیا گیا تھا، دورے میں 3
ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 1 ٹی 20 میچ شامل ہیں، آسٹریلوی ٹیم سنہ 1998 کے بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔