کراچی میں بااثرافراد کی جانب سے مبینہ طور پر سڑک بلاک کرکے شکار کھیلنے کی ویڈیو بنانے والے ناظم جوکھیو کے قتل کیس میں ایم پی اے جام اویس کے بعد ایم این اے جام عبدالکریم کو بھی ملزم نامزد کر دیا گیا۔
پولیس نے مقدمے میں اغواکی سیکشن کا اضافہ کرتے ہوئے مزید 11افراد کو نامزد کر دیا ۔ مقدمے میں ایم پی اے جام اویس پہلے سے نامزد اور پولیس ریمانڈ پر ہیں ، پولیس کے مطابق نامزد ملزم ایم این اے جام عبدالکریم سمیت 15سے زائد ملزمان تاحال مفرور ہیں ۔
واضح رہے کراچی میں ملیر میمن گوٹھ میں با اثرافراد کے سڑک بند کر کے شکار کھیلنے کی ویڈیو بنانے والے ناظم کو قتل کر دیا گیا تھا ، ناظم کی لاش ویرانے سے برآمد ہوئی تھی ۔ مقتول کے بھائی نے علاقائی ایم پی اے جام اویس گہرام اوران کے بھائی کریم گہرام پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے ویڈیو ڈیلیٹ کرنے کے لئے ناظم پر دباؤ ڈالا ، انکارپر ناظم کو اغواء کرلیا اور نامعلوم مقام پر لے جا کر تشدد کا نشانہ بنایا جس سے ناظم کی وفات ہو گئی ۔
اظم جوکھیو کے قتل کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس میں ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کی سربراہی میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ ون ، ایسٹ ٹو، ڈی ایس پی میمن گوٹھ ، ڈی ایس پی انویسٹی گیشن ون اور دیگر شامل ہیں ۔