بلاول نے شہباز کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا(فائل فوٹو)
بلاول نے شہباز کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا(فائل فوٹو)

نیب آرڈیننس پارلیمنٹ اور عدالت کے ذریعے روکنے کیلئے اپوزیشن متفق

 

اپوزیشن نے نیب آرڈیننس پارلیمنٹ اور عدالت کے ذریعے روکنے پر اتفاق کرلیا اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ نیب آرڈی ننس کو ہر صورت روکیں گے اس کے خلاف پارلیمنٹ میں بھی اقدامات کریں گے اور عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔جب کہ بلاول بھٹو نے بھی اس کی تاکید کرتے ہوئے شہباز شریف کی قیادت پر اتحاد کا اظہار کیا ہے۔شہباز شریف کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے اعزاز میں سینیٹ کے بینکوئٹ ہال میں دیے گئے عشایے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ عشائیہ میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر نے شرکت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس حکومت نے 22 کروڑ عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، ہم نے فیصلہ کرکے مہنگائی کے خلاف اور نیب آرڈی ننس کے خلاف کمر کس لی ہے، متحدہ اپوزیشن پارلیمان میں اور پارلیمان سے باہر بھرپور احتجاج کرے گی، مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی حتی کہ حکومت کے خلاف ہر فورم پر احتجاج کریں گے۔

صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ عمران نیازی این آر او لینا چاہتا ہے، نیب آرڈی ننس کو ہر صورت روکیں گے، پارلیمان میں بھی اور عدالت کے ذریعے بھی، ہم عوامی قوت کے ساتھ ملک کو صحیح معنوں میں آگے لے کر جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ چکمہ دے کر مشترکہ اجلاس کے ذریعے قانون سازی کرے لیکن ہم اسے روکیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی جماعت کے تمام اراکین کو مشترکہ اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارلیمان میں اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتیں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی قیادت میں متحد ہیں، آج متحدہ اپوزیشن نے ایوان میں حکومت کو شکست دی، اپوزیشن کا اتحاد ہی حکومت کو شکست دے سکتا ہے، پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں پیپلز پارٹی متحدہ اپوزیشن کے ساتھ فعال کردار ادا کرے گی۔

دریں اثنا پارلیمان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ملک کا معاشی بحران ہے، پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کی وجہ سے تاریخی مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کا سامنا کرتے ہوئے عوام مشکل میں ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر فورم پر ہمیشہ پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کے نتیجے میں مہنگائی کے طوفان سمیت معاشی بحران کے مسئلے کو اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن نے آج ایک بار پھر قومی اسمبلی میں ووٹوں سے حکومت کو شکست دی، آج متحدہ اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی میں ووٹوں سے حکومت کو شکست دینا ایک اچھا اعشاریہ ہے کہ مستقبل میں ہم حکومت کو شکست دیتے رہیں گے۔