اسلام آباد:احسن اقبال نے کہا ہے کہ نیب قانون کو عدالت میں چیلنج کریں گے، اپوزیشن مل کر پارلیمنٹ میں نیب قانون کو چیلنج کرے گی۔
پاکستنا مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب قانون میں تبدیلی کرکے نیب کو وزیراعظم کا ذیلی دفتر بنا دیا گیا، وزارت خزانہ نے بتایا نیب کی جانب سے ساڑھے 6 ارب روپے حکومتی خزانے میں جمع کرائے گئے، جبکہ نیب نے ساڑھے 5 ارب روپے سپلیمنٹری گرانٹ میں مد میں لیا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے اصل کرپشن کیسز میں چھپنے کیلئے خود کو این آر او دے چکی ہے، تمام شعبوں میں کرپشن کرنے والے وزرا سے مستقبل میں کوئی سوال نہیں کر سکے گا، نیب قانون میں ترمیم پر اپوزیشن ڈٹ کر مخالفت کرے گی، نیب آج ملک کے اندر ایک ڈرامہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل حکومت کو 2 مرتبہ قومی اسمبلی میں شکست ہوئی، وزیراعظم اخلاقی طور پرعہدے پر رہنے کا جواز کھو بیٹھے، عمران خان کو چاہیے کہ وہ اعتماد کا ووٹ لیں۔