دبئی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو اسلام نے یکجا رکھا ہوا ہے جو ایک اچھی بات ہے ۔
ورچوئل پریس کانفرنس میں میتھیو ہیڈن نے کہا کہ آسٹریلیا کا کپ جیتنے کا ریکارڈ شاندار ہے ، میں آسٹریلیا کیلیے 20 سال کھیلا ہوں وہاں کی کرکٹ کو اچھی طرح سمجھتا ہوں ، پاکستان کے پاس بہت اچھے کھلاڑی موجود ہیں ، میں اس ٹیم کے ساتھ کم عرصہ کیلیے ہوں مگر جانتا ہوں کہ یہ کتنے اچھے کھلاڑی ہیں ، یہ کسی بھی ٹیم کیخلاف اچھا کھیل سکتے ہیں ،ان کی اصل طاقت اسلام ہے جس نے انہیں یکجا رکھا ہے ۔
میتھیو ہیڈن نے پریس کانفرنس میں فخر زمان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فخر کا نیوی میں ہونا ثابت کرتا ہے کہ وہ لڑنا جانتا ہے ، فخرزمان کا ٹی 20 سیٹ اپ میں اہم کردار ہے ، وہ گراؤنڈ میں بطور فیلڈر بہت رنز ہونے سے بچاتا ہے ۔ بھارت کے خلاف اعتماد سے کھیلنے سے شاندارآغاز ملا ، بابر تسلسل سے رنز بنارہے ہیں اور ویرات کوہلی کی طرح جارحیت نہیں دکھاتے ، بابر ہنر سے مالا مال اور مستقل مزاج کا کھلاڑی ہے ۔
شاہین شاہ آفریدی سے متعلق میتھیو ہیڈن نے کہا کہ شاہین ایک تباہ کن باؤلر ہے ، بھارتی اوپنرز کے ایل راہول کو بولڈ کرنے والی ان کی گیند شاندار تھی ، ییہ شاہین کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے کہ وہ کس طرح مسلسل کھیل رہا ہے ۔