لاہور:حکومتی اتحادی مسلم لیگ ق نے تحفظات کے باعث آئندہ لائحہ عمل کے لیے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔ پنجاب حکومت کے رویہ پر تحفظات کے حوالے سے لائحہ مرتب کیا جائے گا۔
مسلم لیگ ق کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کی ہدایت پر مسلم لیگ ق کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس آج طلب کیاتھا جو کل تک ملتوی کر دیا ہے ہے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی و صدر مسلم لیگ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی پارٹی اجلاس کی صدارت کریں گے۔
اجلاس میں سیکریٹری جنرل و وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ اور مونس الٰہی شریک ہوں گے۔ جنرل سیکریٹری پنجاب و سینیٹر کامل علی آغا، ارکان اسمبلی سالک حسین اور حسین الٰہی بھی شرکت کریں گے۔
اجلاس میں پنجاب حکومت کے رویہ پر تحفظات کے حوالے سے لائحہ مرتب کیا جائے گا۔ سینٹرل کمیٹی کے اجلاس میں موجودہ اور آئندہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما سینیٹر کامل علی آغا کا کہنا ہے کہ اتحادی ہونے کی بات تو علیحدہ ہے، پنجاب حکومت کے حکام اپنے اسپیکرسے صرف بجٹ اجلاس کیلیے ملاقات کرتے ہیں، جب انہیں کوئی کام ہو تب ہی رابطے کرتے ہیں، ہم یونہی کوئی فیصلہ نہیں کریں گے، مشاورت کے بعد پارٹی منشورکے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔