پی ڈی ایم نے ملک میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا آغازکراچی سےکردیا ۔ریگل چوک سے جہانگیر پارک تک تقریبا ًایک کلو میٹر تک کے احاطے میں عوام کا ایک بڑا جم غفیر امڈ آیا
مہنگائی کیخلاف بڑے مظاہرے میں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن ،مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی ،پختونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی،نیشنل پارٹی کے صدرڈاکٹر عبدالمالک بلوچ،جے یوآئی کے سیکریٹری جنرل سینیٹرمولانا عبدالغفورحیدری، مولانا راشد محمود سومرو ،جے یوپی کے سربراہ شاہ اویس نورانی دیگرنےشرکت کی ۔بیروزگاری اور مہنگائی سے تنگ نوجوانوں کی بڑی تعداد اپنا احتجاج ریکارڈ کرانےکیلئے ریگل چوک پہنچی ۔
مظاہرین نے حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن ودیگر رہنما ؤں نے کہا کہ ملک کی معیشت تباہ ہوگئی ۔مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی بچے فروخت کرنے پر مجبور ہوگیا ہے ۔قوم کی رسوائی کا سبب بننے والے حکمرانوں سے نجات کی مہم شروع ہوگئی جس کا اختتام اسلام آباد تک لانگ مارچ میں ہوگا۔
مظاہرے کا باقاعدہ آغاز شام 4بجے کے بعد تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔نماز مغرب سے قبل پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوئے ۔
ن لیگ کے مرکزی رہنما سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ،پختونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی،نیشنل پارٹی کے صدرڈاکٹر عبدالمالک بلوچ،جے یوآئی کے سیکریٹری جنرل سینیٹرمولانا عبدالغفورحیدری، مولانا راشد محمود سومرو ،جے یوپی کے سربراہ شاہ اویس نورانی دیگرنے بھی خطاب کیا۔جبکہ مرکزی جمعیت اہلحدیث سندھ کے صدرمولانا یوسف قصوری،جے یوآئی کے مولانا عبدالکریم عابد،اسلم غوری ،قاری محمد عثمان،مولانا نور الحق ،مولانا سمیع الحق سواتی ،مسلم لیگ (ن) کے سندھ صدر شاہ محمد شاہ، سابق گورنر سندھ محمد زبیر ، علی اکبرگجر،نہال ہاشمی،مفتاح اسماعیل اور دیگر نے بھی مظاہرے میں شرکت کی ۔