اسلام آباد :اپوزیشن کی اسٹیئرنگ کمیٹی اجلاس ہوا جس میں قانون سازی کے معاملے میں حکومت کا ساتھ نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پارلیمنٹ میں حکومت کی جانب سے انتخابی اصلاحات اور دیگر بلز پر قانون سازی کے حوالے سے اپوزیشن کی اسٹئیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں اسٹیئرنگ کمیٹی کے ارکان ویڈیولنک پر شریک ہوئے۔
اجلاسں میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو لکھے گئے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خط کے جواب کے لیے متن کے نکات پرغورکیا گیا، اسپیکر نے پارلیمنٹ میں انتخابی اصلاحات سمیت دیگر قوانینِ کی منظوری کےلیے اپوزیشن سے تعاون مانگا تھا، تاہم کمیٹی اراکین کا مشترکہ طورپرکہنا تھا کہ حکومت چیئرمین نیب کی تقرری کے معاملہ میں آئین کی روح کی خلاف ورزی چاہتی ہے، شخصی بنیادوں پر قانون سازی کے معاملہ میں حکومت کا ساتھ نہیں دیا جاسکتا، حکومت کے ساتھ قانون کو بہتر بنانے پر بات ہوسکتی ہے بدتر بنانے پر نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر کے خط کاجواب آج ہی تیار کرلیا جائے گا۔
اسٹیئرنگ کمیٹی نے حکومت کی جانب سے کمیٹی میں ایم کیو ایم اورق لیگ کی نمائندگی ختم کرنے پر بھی تحفظات کا اظہارکیا اورفیصلہ کیا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی اس معاملہ پرق لیگ اور ایم کیو ایم کے ساتھ بھی رابطہ کرے گی۔