پاکستان کیخلاف سازش کانام عمران خان ہے،فائل فوٹو
پاکستان کیخلاف سازش کانام عمران خان ہے،فائل فوٹو

جعلی حکمرانوں کیخلاف جدوجہد کرنا جہاد ہے۔ مولانا فضل الرحمن

کوئٹہ:پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے الزامت کی تحقیقیات ہونی چاہیے،ہر چیز پر مٹی پائو سے کام نہیں چلے گا،انہوں نے کوئٹہ اور پشاور میں مظاہروں کا اعلان بھی کیا۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ مشترکہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں چھوٹی پارٹیوں کو مشترکہ اجلاس میں جانے کیلئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ کہا کہ حکومت چل نہیں رہی، چلائی جا رہی ہے، ہم حکومت چلانے والوں اور چلنے والوں کو بھی جانتے ہیں۔ کہنے کو بہت کچھ ہے مگر ملکی حالات خراب نہیں کرنا چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو اکثریت حاصل نہیں، اتحادی ساتھ دینے کو تیار نہیں، نا اہل حکمران اقتدار کو طول دینے کے لیے ناجائز طریقے اپنا رہے ہیں۔ حکومت جعلی پارلیمنٹ کو قانون سازی کے لیے تیار کر رہی ہے۔ مشترکہ اجلاس کو شکست کے خوف سے ملتوی کیا گیا ۔ لوگوں کو سیف ہاؤسز میں لےجایاگیا ہمیں رپورٹ ملی ہیں، حکومت کےپاس جبری اکثریت ہے۔ عدالت سےرجوع کیلئے قوانین کا جائزہ لیاجائےگا۔

 انہوں نے کہا کہ کہا کہ پی ڈی ایم آج عام آدمی کی آواز ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی چکی میں پوری قوم پس رہی ہے، قوم پر ٹیکسز کے پہاڑ گرائے جارہے ہیں، لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں۔

پریس کانفرنس میں صدر نیشنل پارٹی (این پی) ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، قائم مقام صدر بی این پی عبدالولی کاکڑ، ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی، مسلم لیگ (ن) کے رہنما یعقوب ناصر اور دیگر بھی موجود تھے۔

سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ ماں باپ اپنے بچوں کو پارلیمنٹ کے سامنے فروخت کے لیے لانے پر مجبور ہیں۔انہوں نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نااہل حکمران اپنے اقتدار کو طول دینے کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکمران جعلی اکثریت کی بنیاد پرحکمرانی کر رہے ہیں، ان عناصر کےخلاف جدوجہد کرنا جہاد ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے اعلان کیا کہ پی ڈی ایم کی قیادت میں کوئٹہ میں کل بڑا مظاہرہ ہوگا، جبکہ پی ڈی ایم کا دسمبر میں پشاور میں بھی بڑا کامیاب مظاہرہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نازک ماحول میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ہم نے لوگوں کو یہ احساس دلانا ہے کہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم لوگوں کا ساتھ دینا اپنے لیے سعادت سمجھتے ہیں۔