اسلام آباد:وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صحافی کے سوال پر کہا کہ ہمیں بالکل اشارے مل رہے ہیں کہ وفاق سے جان چھڑائی جائے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نوری آباد پاور پلانٹ منی لانڈرنگ ریفرنس میں احتساب عدالت میں پیش ہوئے ۔
عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیے ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کی حکومت کے جانے کا وقت آگیا ہے ، حالات کی تبدیلی کی باتیں کراچی تک سن رہے ہیں ۔
ایک صحافی نے وزیر اعلیٰ سندھ سے پوچھا کہ آصف زرداری نے کہا ہے کہ حکومت پانچ سال پورے نہیں کرے گی ، کیا پیپلزپارٹی کو کہیں سے اشارے مل رہے ہیں ؟۔ سید مراد علی شاہ نے جواب دیاکہ بالکل ہمیں اشارے مل رہے ہیں ، آپ بھی اشارے دے رہے ہیں ، ہر آدمی اشارہ دے رہا ہے کہ بھائی ان سے ہماری جان چھڑاؤ ، پیپلزپارٹی اپنے ووٹرز اورعوام کے اشارے پر چلتی ہے ۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ملک میں بجلی کی صورتحال سے متعلق معاملہ کابینہ کے مشترکہ اجلاس کے ایجنڈے میں ہی نہیں،مردم شماری کا معاملہ بھی مشترکہ سیشن کے ایجنڈے میں شامل نہیں ،مردم شماری کو 29مئی کو چیلنج کیاتھا،سندھ خاص طور پر کراچی کی آبادی صحیح نہیں شمار کی گئی ، مشترکہ مفادات کونسل میں طے نہ ہونے ولامعاملہ پارلیمنٹ کےجوائنٹ سیشن میں جاتاہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اپنے خلاف نیب کیس کو آگے بڑھتے دیکھنا چاہتا ہوں،نیب ترمیمی قانون کی وجہ سے غیریقینی صورتحال ہے،ہم تو چاہتے ہیں کہ ریفرنس آگے بڑھے اور جلد فیصلہ ہو، یہ لوگ آئین کی پاسداری نہیں کررہے، وفاقی حکومت ملک کوآئین کےطریقےسےنہیں چلاسکتی۔