اپوزیشن ارکان نے اسپیکر ڈائس کا گھیرائو کیا۔فائل فوٹو
اپوزیشن ارکان نے اسپیکر ڈائس کا گھیرائو کیا۔فائل فوٹو

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس مچھلی منڈی بن گیا،ارکان میں ہاتھا پائی

اسلام آباد:پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں حکومتی اوراپوزیشن ارکان ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کرنے لگے ، ایوان مچھلی منڈی بن گیا،ایوان ” گو نیازی گو”اور” کون بچائے گا پاکستان ، عمران خان ، عمران خان ” کے نعرے گونجتے رہے ۔

اسپیکراسد قیصرکی جانب سے  انتخابی اصلاحات کے ترمیمی بل کو پیش کرنے کی تحریک پرگنتی کی گئی جس پربل کے حق میں 221 جبکہ مخالفت میں 203 ووٹ آئے ۔ سینیٹر تاج حیدر کی جانب سے پوائنٹ اٹھایا گیا کہ وزیر اعظم کے مشیران بھی موجود ہیں جو کارروائی میں حصہ لے سکتے ہیں لیکن ووٹ دینے کا حق نہیں رکھتے ، گنتی میں ان ارکان کو بھی گنا گیا ہے ۔ لہذا گنتی دوبارہ کی جائے ۔

اسپیکر اسٹاف نے ووٹوں کی گنتی شروع کی تو مرتضی جاوید عباسی نے بھی ووٹوں کی گنتی شروع کردی۔ مراد سعید نے مرتضی جاوید عباسی کو گنتی سے روک دیا ۔

مرتضی جاوید عباسی اور مرادسعید  میں سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ مرتضی جاوید عباسی  اورعامر لیافت کے درمیان بھی تلخ کلامی ہوئی جبکہ شہریارآفریدی بھی اس لڑائی میں کود پڑے۔

اسپیکرنے کہا کہ گنتی بالکل درست ہوئی ہے ، وائس ووٹنگ پر ووٹنگ کر لیتے ہیں ۔ اسپیکرکی ہدایت پر اپوزیشن ارکان نے ہنگامہ آرائی شروع کر دی اوراسپیکرکے ڈائس کا گھیراؤ کرلیا۔ ایوان کی سیکیورٹی نے وزیر اعظم عمران خان کو اپنے حصار میں لے لیا جبکہ اسپیکرایوان کا تقدس برقرار رکھنے کی ہدایات کرتے رہے ۔

ہنگامہ آرائی کے دوران اپوزیشن کے ارکان گو نیازی گو کے نعرے لگاتے رہے جس کے جواب میں حکومتی ارکان نے کون بچائے گا پاکستان ، عمران خان، عمران خان کے نعرے لگائے،اپوزیشن ارکان نے اسپیکر ڈائس کا گھیرائو کیا اوربل کی کاپیاں پھاڑ دیں،پھر واک آئوٹ کر گئے ۔