نارووال:بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ چرن جیت سنگھ آج (جمعرات کو)کرتارپور آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق بابا گورونانک کے 552 جنم دن کی تقریبات کے لیے بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔سی ای او کرتار پور محمد لطیف کے مطابق بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ چرن جیت سنگھ چنی آج بذریعہ راہداری کرتار پور آئیں گے۔
ڈپٹی چیف منسٹرز اوم پرکاش اور سکھویندر سنگھ رندھاوا بھی آنے والی شخصیات میں شامل ہیں۔ راجستھان کابینہ کے رکن ہریش چوہدری،بھارتی پنجاب کی قانون ساز اسمبلی کے 9 ممبران کرتار پور راہداری پر اپنے مذہبی فرائض کی ادائیگی کے لیے آئیں گے۔
نوجوت سنگھ سدھو کرتارپور میں بابا گرونانک کی سالگرہ کی تقاریب میں شرکت کے لیے 20 نومبرکو پاکستان آئیں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوت سنگھ سدھو کے میڈیا ایڈوائزر نے کہا ہے کہ پنجاب کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو 20 نومبر کو کرتارپور کا دورہ کریں گے۔‘
دوسری طرف 27 سے زائد سکھ یاتریوں کو ویزا جاری کیا گیا جو واہگہ کے راستے لاہور پہنچ گئے، حکومت پاکستان نے یاتریوں کو دی جانے والی سکیورٹی، رہاٸش سمیت سفری انتظامات مکمل کر لیے۔ بھارتی یاتری دس روز قیام کے دوران لاہور سمیت ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، اٹک، سیالکوٹ اور کرتاپور نارووال میں موجود گوردواروں میں اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے۔