لاہور:تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعدرضوی کو رہا کردیا گیا،ترجمان ٹی ایل پی نے رہائی کی تصدیق کر دی۔
تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعدرضوی کو کوٹ لکھ پت جیل سے رہا کردیا گیا ہے ان کی رہائی کی تصدیق ترجمان ٹی ایل پی نے کردی ہے،انہیں جلوس کی شکل میں مسجد رحمت اللعالمین لایاجائے گا جہاں حافظ سعدرضوی کارکنوں سے خطاب کریں گے۔
گزشتہ روزپنجاب حکومت نے وفاقی ریویو بورڈ کو رہائی کیلیے سمری بھیجی تھی جسے منظورکرلیا گیا جس کے تحت تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ حافظ سعد حسین رضوی کی رہائی عمل میں آئی۔
دوسری جانب ترجمان ٹی ایل پی کا کہنا تھا کہ سعد رضوی کچھ دیر بعد ٹی ایل پی مرکز چوک یتیم خانہ پہنچیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پنجاب حکومت نے تحریک لبیک پاکستان، سعد رضوی اوراس جماعت کے دیگر 487 کارکنوں کے نام فورتھ شیڈول سے خارج کرکے شناختی کارڈز اور بینک اکاؤنٹس بحال کردیے گئے تھے۔
حکومت پنجاب کی جانب سے سربراہ تحریک لبیک پاکستان سعد رضوی سمیت دیگر کارکنوں کے خلاف 40 مقدمات واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ 12 اپریل کو تحریک لبیک کے امیر سعد حسین رضوی کو لاہور میں گرفتارکرلیا گیا تھا۔اس وقت کے سی سی پی او لاہور غلام محمد ڈوگر نے کہا تھا کہ سعد رضوی کو امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے لاہور سے گرفتارکیا گیا۔
خیال رہے کہ تحریک لبیک نے حکومت کو فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کے لیے 20 اپریل تک کا وقت دیا تھا اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں ملک گیر مظاہروں اور احتجاج کرنے کا اعلان کیا تھا۔