فیصل آباد: تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقے میں مدرسے سے 12 سالہ طالب علم کی لاش برآمد ہوئی جسے پولیس نے قبضے میں لیتے ہوئے پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا۔
فیصل آباد میں تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقے محلہ احمد آباد میں واقع مدرسہ میں سفیان ٹاؤن کے رہائشی شاہد کے 12 سالہ بیٹے طلحہ کی لاش برآمد ہوئی ۔بچہ گزشتہ دو سال سے مدرسے میں زیر تعلیم تھا اورقرآن پاک حفظ کرنے کی تعلیم حاصل کر رہا تھا،گزشتہ رات طلحہ مدرسے کے ہاسٹل میں سو گیا اور صبح فجرکے وقت ہاسٹل سے اس کی لاش برآمد ہوئی۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر قانونی کارروائی شروع کرتے ہوئے لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹمارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ایس پی مدینہ ٹاؤن کے مطابق جاں بحق ہونے والے طالبعلم کے جسم پر ظاہری تشدد کے کوئی نشان موجود نہیں البتہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔