یہ واقعہ فرانس کی پروفیشنل فٹبال لیگ 'لیگ 1' کے میچ کے دوران پیش آیا۔فائل فوٹو
یہ واقعہ فرانس کی پروفیشنل فٹبال لیگ 'لیگ 1' کے میچ کے دوران پیش آیا۔فائل فوٹو

تماشائی کی پھینکی گئی بوتل کھلاڑی کو جالگی۔ میچ ختم کردیا گیا

فرانس میں ایک پروفیشنل فٹبال میچ کے دوران تماشائیوں کے اسٹینڈ سے پھینکی گئی بوتل کھلاڑی کے سر پر جا لگی جس کے باعث میچ ہی ختم کرنا پڑ گیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ واقعہ فرانس کی پروفیشنل فٹبال لیگ ‘لیگ 1’ کے میچ کے دوران پیش آیا۔

گزشتہ روز لیون اور مارسیلی کلبز کے درمیان لیگ 1 کا میچ شروع ہونے کے 5 منٹ بعد اس وقت روک دیا گیا جب تماشائیوں کے اسٹینڈ سے پھینکی گئی بوتل مارسیلی کے کھلاڑی دمتری پائت کے سر پر لگی جس سے وہ نیچے گرگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق دمتری پائت کارنر پر گیند کو ہٹ لگانے ہی والے تھے کہ اسٹینڈ سے پھینکا گیا ایک ‘آئس پیک’ ان کے سر پر جا لگا۔

اس واقعے کے بعد اسٹیڈیم میں اعلان کیا گیا کہ بوتل مارنے والے شخص کو گرفتارکرلیا گیا ہے اور میچ جلد دوبارہ شروع ہو جائے گا تاہم حالات مزید خراب ہونے پر میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔میچ ریفری نے دونوں ٹیموں کو ڈریسنگ روم میں بھیج دیا اور تقریباً 2 گھنٹے تک کھیل رکا رہا تاہم مارسیلی کی ٹیم دوبارہ گراؤنڈ میں نہ آئی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق فرانس میں رواں فٹبال سیزن کے دوران یہ دوسرا موقع ہے جبکہ دمتری پائت پر بوتل سے حملہ کیا گیا۔