کراچی:سپریم کورٹ نے سول ایوی ایشن کو کلب ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کلب کی جگہ میس کے طورپراستعمال کرنے کی اجازت دیدی ہے ۔سپریم کورٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سی اے اے میس عام افرادکواستعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سول ایوی ایشن اراضی پر کلب بنانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے ڈی جی سول ایوی ایشن سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کیسے کاموں میں لگ گئے ہیں؟شادی کے کھانے اورشادیاں کرانے پرپورادن لگ جاتاہوگا،آپ سارادن توکلب کے معاملات دیکھتے ہوں گے،آپ لوگ کل جہازاڑانے کی جگہ پربھی کلب بنادیں گے،اس طرح توآپ اپنے گھربھی بنالیں گے۔
ڈی جی سول ایوی ایشن نے کہا کہ یہ 90 کی دہائی سے شروع ہوا،جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ کیاپرائیویٹ لوگوں کوبھی ممبرشپ دی؟ڈی جی نے کہا کہ پرائیویٹ لوگوں کوبھی ممبرشپ دے رکھی ہے،عدالت نے ریمارکس دیئے مطلب پرائیویٹ لوگ بھی سی اے ا ے کی سہولتیں انجوائے کررہے ہیں۔
ڈی جی سول ایوی ایشن نے عدالت سے درخواست کی کہ کلب ختم کر کے میس بنانے کی اجازت دی جائے ، جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ پھرپرائیویٹ لوگوں کواجازت نہیں ہونی چاہیے۔