کراچی: نرسری کے قریب شاہراہ فیصل پرواقع نسلہ ٹاورکو سپریم کورٹ کے حکم پر مسمار کرنے کے خلاف مکینوں نے احتجاج شروع کر دیا،پولیس کی جانب سے مکنیوں کو منتشر کرنے کیلیےلاٹھی چارج اورآنسو گیس کی شلینگ کی گئی، ڈپٹی چیئرمین آباد سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
چیئرمین آباد محسن شیخانی بھی نسلہ ٹاورکے قریب مظاہرہ میں پہنچے ، جس کے بعد مظاہرہ ختم کرانے کیلئے پولیس اورچیئرمین آباد کے درمیان مذاکرات ہوئے۔
احتجاجی مظاہرین نے نسلہ ٹاور میں داخل ہونے کی کوشش کی ، جس پر پولیس نے مظاہرین کو روکنے اور منتشر کرنے کیلیے لاٹھی چارج کیا اورفائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ڈپٹی چیئرمین آباد سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے،علاقے میں صورتحال کشیدہ ہے۔۔
نسلہ ٹاورکے سامانے سڑک کے دونوں ٹریک بند کر دیے گئے ہیں،شاہراہ فیصل پرٹریفک جام ہوگیا، پولیس اور رینجرزکی بھاری نفری موجود ہے تاہم مظاہرین کسی صورت بھی وہاں سے ہٹنے کیلیے تیار نہیں۔
اس موقع پرچیئرمین آباد محسن شیخانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایسے مارا جارہا ہے جیسے ہم دہشت گرد ہیں، ہم تو چاہتے ہیں قانون کو بہتر کیاجائے، ہم تو چاہتے ہیں این اوسی دینے والے اداروں پر ذمہ داری عائدکرنی چاہیے۔
محسن شیخانی کا کہنا تھا کہ ہمیں پر امن احتجاج کیلئے ایک جگہ کھڑے بھی ہونے نہیں دیاجارہا، کراچی کے لوگوں کیساتھ زیادتی کی جارہی ہے، کروڑوں اربوں روپے ٹیکس دینے والوں کو ماراجارہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم عمارتیں این اوسی لیکر بناتے ہیں، اجازت دینےوالےاداروں سے پوچھناچاہیےکہ کیوں اجازت دی، ہر آدمی خوفزدہ ہےکہ کیاہماری بلڈنگیں ٹوٹ جائیں گی، ہمیں بتایا جائےکس ادارے سے اجازت لیں۔
محسن شیخانی کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے انویسٹرز کو مطمئن کرناپڑےگا، ہم نے تمام پراجیکٹس روک دیےہیں، ہمارےپاس اورکوئی راستہ نہیں، عمارتوں کے اجازت نامےمیں غلطی ہے توچیک کرنا حکومت کاکام ہے۔چیئرمین آباد نے اعلان کیا کہ احتجاج پورے پاکستان تک لےکر جائیں گے۔
دوسری جانب کراچی میں نسلہ ٹاورکو گرانے کا کام جاری ہے اطراف کی تمام سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہیں انتظامیہ اور بڑی تعداد میں مزدور عمارت گو گرا رہے ہیں۔
چیف جسٹس آف پاکستان کے حکم پر نسلہ ٹاور کو گرانے کا کام تیزی سے جاری ہے، انتظامیہ کی جانب سے پہلے مرحلے میں نسلہ ٹاور کی دیواریں گرائیں جارہی ہیں۔