نیویارک: کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون سامنے آنے کے بعد امریکی ریاست نیو یارک میں ایمرجنسی صورت حال نافذ کردی گئی ہے۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ نیو یارک سمیت پورے امریکہ میں تاحال اومی کرون کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
امریکی ٹی وی این بی سی کے مطابق نیو یارک کی گورنرکیتھی ہوچل نے سردیوں کے دوران کورونا کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر ایمرجنسی صورت حال کے نفاذ کا اعلان کردیا ہے جو 3 دسمبر سے عمل میں آئے گی۔ ایمرجنسی کے دوران ریاست کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ وبا سے قابو پانے والی سپلائیز حاصل کرسکے، ہسپتالوں میں گنجائش بڑھا سکے۔ ایمرجنسی کے دوران ریاست کے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ ہسپتالوں میں غیر ضروری اورغیر ہنگامی طبی عمل کو روک سکے۔
نیو یارک کی گورنر نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ آئندہ سردیوں کے دوران کورونا میں ممکنہ اضافے پر نظر رکھے ہوئے ہیں، ابھی نیو یارک میں کورونا کی نئی قسم اومی کرون کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا لیکن یہ قسم آنے ہی والی ہے۔
خیال رہے کہ جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم دریافت ہوئی ہے جو پہلی تمام اقسام سے زیادہ تیزی کے ساتھ پھیلتی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے اس نئی قسم کو اومی کرون کا نام دیا ہے جو اب تک جنوبی افریقہ، برطانیہ اور ہانگ کانگ سمیت آٹھ ملکوں میں پھیل چکی ہے۔