چٹاگانگ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 157رنزبناکرآئوٹ ہوگئی،اس طرح اسے مہمان ٹیم پر201رنزکی برتری حاصل ہوگئی،پاکستان کو جیت کیلیے202رنزکا ہدف مل گیا۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے پانچ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا, ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں حسن علی نے بھی بنگلادیش کے 5 کھلاڑی آؤٹ کیے تھے۔
بنگلہ دیش کی ٹیم نے چوتھے دن کا آغاز 39 رنز4 کھلاڑی آؤٹ سے کیا،حسن علی نے دن کے آغاز میں ہی مشفیق الرحیم کو بولڈ کر دیا، جبکہ نعمان علی نے یاسرعلی کے سر پرگیند ماری جس سے یاسر ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے،مہدی حسن ساجد خان کی گیند پرایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔
میزبان ٹیم کی ساتویں وکٹ یاسرعلی کی جگہ کنکشن قانون کے تحت آنے والے کھلاڑی نورالحسن کی گری، جنہوں نے 15 رنز بنائے جبکہ نصف سنچری بنانے والے لٹن داس شاہین شاہ آفریدی کا شکار ہوئے۔
اس کے بعد آنے والے کھلاڑی ابو جاوید بھی کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے جبکہ بنگلادیش کے آخری کھلاڑی عبادت حسین بھی کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی 5 شکار کیے جبکہ حسن علی اور ساجد خان نے 2 ،2 وکٹ حاصل کیں۔
گزشتہ روز بنگلہ دیش نے دوسری اننگز کا آغاز 44 رنزکی برتری سے کیا مگر شاہین شاہ آفریدی نے ایک ہی اوور میں دو بلے بازوں آؤٹ کرکے اپنی دھاک بٹھا دی ۔ شاہین آفریدی نے پانچویں اوورکی تیسری گیند پراوپنر شادمان اسلام کو ایل بی ڈبلیو کر دیا جبکہ ایک گیند کے بعد دوسری گیند پر نجم الحسین کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی ۔ نجم کا کیچ عبداللہ شفیق نے تھاما ۔
چھٹے اوور کی آخری گیند پر حسن علی نے مومن الحق کو میدان بدرکر دیا ، مومن الحق بغیر کوئی سکور کئے پویلین لوٹے ، ان کا کیچ اظہرعلی نے پکڑا ۔ گیارہویں اوور کی پہلی گیند پر شاہین شاہ آفریدی نے سیف حسن کا کیچ خود ہی تھام لیا ۔
اس سےقبل آج کھیل کے تیسرے دن پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کے 330 رنزکے جواب میں 286 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی تھی۔