اسلام آباد: آرڈیننس کے ذریعے اسلام آباد کے تعلیمی ادارے میونسپل کارپوریشن کے ماتحت کرنے کے خلاف جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تحت آج اسکولوں میں ہڑتال و بائیکاٹ کیا گیا جس کے باعث تعلیمی عمل معطل ہے۔
چیئرمین ایکشن کمیٹی فضل مولیٰ نے کہا کہ اساتذہ کے احتجاج کے باعث لاکھوں طلبا کی تعلیمی سرگرمیاں معطل ہو گئیں، مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں اساتذہ 2 دسمبرکو وزیراعظم ہاؤس کے باہر دھرنا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آرڈیننس کی منسوخی تک وزیر اعظم ہاؤس کے باہر کلاسیں ہو گی، ہم وزیر اعظم ہاؤس کے باہراوراندر پڑھانے کے لیے تیار ہیں۔ ہمارے ملازمین 2دسمبر سے وزیر اعظم ہاؤس کی چوکیداری اور اندر صفائی کریں گے۔ چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے کہا کہ وزیر اعظم ہاؤس یونیورسٹی نہ بن سکا مگر ہم اس کے باہر کلاسیں لگائیں گے۔