بلدیاتی ترمیمی بل ہائیکورٹ میں چیلنج

کراچی : سندھ بلدیاتی ترمیمی بل سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ۔

پی ایس پی کی جانب دائر درخواست میں مؤقف اختیارکیا گیا ہےکہ سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل آئین سے متصادم ہے، بل کوکالعدم قرار دیا جائے۔عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں مصطفیٰ کمال سندھ حکومت پر برس پڑے، ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ریاست کے خلاف کام کر رہی ہے۔ ہم 2013 کے بلدیاتی قانون کو نہیں مانتے، بلدیاتی قانون میں جو اختیارات تھے وہ مزیدکم کیےگئے ہیں۔

دریں اثنا متحدہ پاکستان نے سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل مسترد کرتے ہوئے 11 دسمبر کو آل پارٹیز کانفرنس(اے پی سی) بلانےکا اعلان کردیا۔کراچی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اس بل کے ذریعے سے شہری علاقوں پر قبضےکی سازش کی ہے، مہاجروں کو ایک بار پھر دیوار سے لگانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس پاکستان اس معاملے پر از خود نوٹس لیں۔