کراچی:جماعت اسلامی نے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے خلاف آج شہر قائد میں11مقامات پراحتجاجی دھرنے دیدیے ۔
جماعت اسلامی کے تحت سندھ حکومت کی وڈیرہ شاہی، آمریت مسلط کرنے، شہری اداروں پر قبضے اور کراچی دشمن کالے بلدیاتی قانونی کے خلاف بدھ کو کراچی بھر میں 11مقامات پر احتجاجی دھرنے دیے گئے، جن میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کے ایم سی ہیڈ آفس ایم اے جناح روڈ جبکہ نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی نے کورنگی ڈی سی آفس پر احتجاجی دھرنے سے خطاب کیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کا منظور کردہ بلدیاتی ترمیمی بل آئین کے آرٹیکل 32اور 140-Aکے خلاف ہے،ترمیمی بل کی اسمبلی سے جبری منظور ی کراچی کے عوام کو غلام بنانے اور شہری اداروں پر قبضے کی کوشش ہے، یہ بل کراچی کے وسائل پر ڈاکے اورلوٹ مار کا گھناؤنا کھیل ہے جسے عوام مسترد کرتے ہیں، آج کراچی بھر میں دیے گئے دھرنے پیپلز پارٹی کی آمرانہ سوچ، فسطائیت اور کراچی پر قبضہ کرنے کے خلاف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل جمعہ 3دسمبرکو پورے شہر میں یوم سیاہ منایا جائے گا اور سینکڑوں مقامات پر مظاہرے ہوں گے جبکہ اتوار12دسمبر کو کراچی میں ایک بھر پوراور تاریخی’’ کراچی بچاؤ مارچ‘‘کیا جائے گا۔